ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / منگلورو تہوار میں غیر ہندو تاجروں کا بائیکاٹ - وی ایچ پی لیڈر کے خلاف کیس درج

منگلورو تہوار میں غیر ہندو تاجروں کا بائیکاٹ - وی ایچ پی لیڈر کے خلاف کیس درج

Thu, 19 Oct 2023 12:00:35    S.O. News Service

منگلورو 19 / اکتوبر (ایس او نیوز) منگلا دیوی مندر کے احاطے میں تہوار کے موقع پر لگی مسلم تاجروں کی دکانوں کا بائیکاٹ کرنے کی ہدایت دینے والے وشوا ہندو پریشد اور بجرنگ دل لیڈر شرن پمپ ویل کے خلاف پولیس نے کیس درج کر لیا  ہے۔

    خیال رہے کہ ہندوتوا وادی لیڈر شرن پمپ ویل اور اس کے ساتھیوں نے دسہرہ اور نو راتری تہوار کے موقع  پر مندر کے احاطے میں مسلم تاجروں کا بائیکاٹ کرنے کے لئے غیر مسلم عوام کو اکسایا  تھا اور صرف ان ہندو تاجروں کی دکانوں پر زعفرانی جھنڈا لہراتے ہوئے انہی دکانداروں سے خریداری کرنے کی اپیل کی گئی تھی ۔

    منگلورو سٹی پولیس کمشنر انوپم اگروال کی طرف سے جاری  بیان میں کہا گیا ہے کہ شرن پمپ ویل کا یہ عمل مذہب کی بنیاد پر آپسی دشمنی پیدا کرنے کے مترادف ہے ۔ اس لئے پولیس نے از خود شرن پمپ ویل کے خلاف کیس درج کیا ہے ۔

    معلوم ہوا ہے کہ منگلورو ساوتھ پولیس اسٹیشن کے پی ایس آئی (لا اینڈ آرڈر) منوہر پرساد کی شکایت پر شرن کے خلاف فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو نقصان پہنچانے اور مذہب کی بنیاد پر سماجی تفریق کو ہوا دینے کے الزام میں کیس درج کیا گیا ہے ۔ 

    اس سے قبل سیکیولر پارٹیوں اور تنظیموں کے نمائندوں نے ڈی وائی ایف آئی صدر منیر کاٹیپلا کی قیادت میں ضلع انچارج وزیر دنیش گنڈو راو سے ملاقات کرتے ہوئے شرن پمپ ویل کے خلاف کارروائی کرنے کی مانگ رکھی تھی ۔ منیر کاٹیپلا کا کہنا تھا کہ " شرن پمپ ویل اور اس کی گینگ اکثر و بیشتر فرقہ وارانہ ہم آہنگی خراب کرنے والی سرگرمیاں انجام دیتے رہتے ہیں اور پولیس ان کے تعلق سے نرم گوشہ رکھتی ہے جس کی وجہ سے عوام کو تشویش لاحق ہو رہی ہے ۔ لہٰذا ایسے لوگوں کے خلاف فوجداری مقدمات دائر کرکے انہیں جیل کی سلاخوں کے پیچھے بھیج دینا چاہیے ۔"

    منیر کاٹیپلا نے یہ بھی کہا کہ آَنے والے 2024 کے پارلیمانی انتخاب کو نظر میں رکھ کر بجرنگ دل کی طرف سے اس قسم کی سرگرمیاں انجام دی جا رہی ہے اور بی جے پی مذہبی بنیاد پر ووٹوں کو اپنے حق میں مرکوز کرنے کے لئے اس تنظیم کا استعمال کر رہی ہے ۔ 
 


Share: